وزیرآباد(یو این پی)وزیرآباد میں این اے ایک سو ایک کے ضمنی الیکشن کے لیے پی ٹی آئی نے انتخابی جلسہ کرکے سیاسی ماحول کو گرم کر دیا۔ کپتان نے حکومت پر خوب بائونسر مارے اور کہا بڑے پراجیکٹس کے نام پر حکمران اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔ قرضے لے کر قوم کو مقروض کیا جارہا ہے۔ ذاتی تشہیر پر قوم کا پیسہ خرچ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق وزیرآباد میں جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان سیاسی حریفوں پر خوب گرجے اور کہا جب اخبار کھولیں تو دونوں بھائیوں کی تصویریں نظر آتی ہیں۔ عوام کا پیسہ ذاتی تشہیر پر خرچ کیا جارہا ہے جبکہ ملک میں انصاف اور روزگار دینے کے لیے پیسہ نہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے اورنج ٹرین کے منصوبے پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ بڑے بڑے پراجیکٹ نہیں بنیں گے تو حکمرانوں کے بچے بڑے محلوں میں نہیں رہ سکیں گے۔ اربوں کی میٹرو بنانے کی بجائے وزیرآباد میں پیسے خرچ کئے جاتے تو علاقے کی حالت درست ہوجاتی۔تحریک انصاف کے جلسے میں بدمزگی بھی دیکھنے میں آئی جب ایک خاتون کارکن کو پولیس نے سٹیج پر جانے سے روک دیا اور وہ پارٹی جھنڈا پھینک کر واپس چلی گئی۔