لاہور(یو این پی) یوم پاکستان پر صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے سمینار ، ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ ہو گی جس میں پاک فضائیہ کی طرف سے جے ایف 17 تھنڈر ،ایف سولہ میراج اور ایف سیون طیارے فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔ بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج بھی پریڈ کا حصہ ہو گی۔ لاہور میں یوم پاکستان پر لبرٹی چوک میں پریڈ ہو گی جس کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ اور لیزر لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لاہور میں واہگہ اور قصور میں گنڈہ سنگھ بارڈر پر بھی یوم پاکستان پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تاریخ میں پہلے بار اقوام متحدہ میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب ہو گی جس میں راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے۔