سابق صدر پرویز مشرف اور عام آدمی کے لئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے؛ آئین کی بالادستی ہونی چاہئے،
وکلاء تحریک کا مقصد بھی پاکستان میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا تھا،وکلاء قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے آج بھی ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں، عوام کو بنیادی حقوق میسر آنے چاہئیں، سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے
سابق گورنر پنجاب بیرسٹر سردار محمدلطیف خاں کھوسہ
رحیم یارخان (یوا ین پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق گورنر پنجاب بیرسٹر سردار محمدلطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کا آئین ختم ہو گیا تو ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے،موجودہ حکمرانوں نے پاکستان میں غریبوں اور امیروں کے لئے الگ الگ قانون بنا رکھا ہے،سابق صدر پرویز مشرف اور عام آدمی کے لئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی ہونی چاہئے، وکلاء تحریک کا مقصد بھی پاکستان میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا تھا،وکلاء قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے آج بھی ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں، عوام کو بنیادی حقوق میسر آنے چاہئیں، سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ اور علامہ محمداقبالؒ بھی وکیل تھے اور پاکستان کا آئین بنانے والے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو بیرسٹر تھے،یواین پی کے مطابق انہوں نے پاکستان کو فلاحی ، جمہوری ریاست بنانے کے لئے عوام کو متفقہ آئین دیامگر موجودہ حکمرانوں نے اس آئین کو اشرافیہ کا آئین بنا دیا ہے معاشرے کی ترقی کی دارومدار انصاف کی فراہمی پر ہے، پاکستانی قوم کو نوجوان وکلاء سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، اس شعبہ میں دیانتداری سے کام کیا جائے تاکہ عوام کا اس شعبہ اور عدالتوں پر اعتماد بحال ہو اور انہیں انصاف میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتخابات میں صرف کروڑوں روپے خرچ کرنے والے امیدوار ہی حصہ لے سکتے ہیں، عام آدمی انتخاب لڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کردار انتہائی کمزور ہے جسے انتخابات میں دولت کے بے تحاشہ استعمال کو روکنے کے لئے ٹھوس کردار ادا کرنا چاہئے، الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ دولت کے بل بوتے پر انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو نااہل قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے حلف نامے ہرگز قبول نہ کئے جائیں،ریاست کو عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، عوام کی قوت سے موجودہ نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے، جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ان کی محرومی کو دور کرنے اور حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی خزانے کا رخ صرف تخت لاہور تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔