جھنگ(یواین پی)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرنادر چٹھہ نے کہا ہے کہ سرکاری مشینری زیادہ سے زیادہ وسائل اور سول سوسائٹی کے ممبران کے تعاون سے نشہ کے عادی افراد کے علاج معالجہ اوربحالی کے علاوہ نوجوانوں کو نشہ جیسی لعنت سے دور رکھنے کیلئے انہیں کھیل اور دیگر سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ضمن میں اقدامات کریگی ۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل ٹارکوٹکس کنٹرول پالیسی کی روشنی میں حکومت پنجاب نے ضلعی سطح پر نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ضلع کا ڈی سی او چیئرمین جبکہ ڈی پی او ،ای ڈی او ہیلتھ،ای ڈی او ایجوکیشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز،ڈی او سوشل ویلفیئر ،ڈی او انفارمیشن اورڈی او سپورٹس ،انسداد منشیات کے حوالہ سے کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندگان بطور ممبرجبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر کام کرینگے۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ تعلیم ،ہیلتھ،سپورٹس اور سوشل ویلفیئر کے محکموں کے مابین کوآرڈی نیشن سے منشیات کے عادی افراد کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں ،ورکشاپ اور سوسائٹی کے دیگر شعبہ جات کے حوالہ سے انسداد منشیات کے تحت ٹارگٹ متعین کرکے اس ضمن میں ہر پندرہ روز کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ڈی سی او نے کہا کہ کمیٹی کے زیر نگرانی نشہ کے عادی افراد کو پبلک اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی جبکہ نوجوانوں میں صحت سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ منشیات جیسی لعنت سے اپنی نسل کو بچانے کیلئے معاشرہ کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا لہٰذا منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نشہ کے عادی افراد کی بجائے نشہ فراہم اور فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے ۔ ڈی سی اونادر چٹھہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات دیں کہ وہ بوائز اور گرلز ہاسٹلوں میں غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت کا نوٹس لیں اور رہائش پذیر طلباء و طالبات کی منشیات کے استعما ل کے حوالہ سے کڑی نگرانی کریں ۔