لندن(یو این پی) وزیراعظم نوازشریف لندن میں واقع اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں اپنے چیک اپ کیلئے آئے ہیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاناما لیکس کے حوالے سے اپنے خطاب میں بتا دیا تھا ‘ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ان پر الزام کیا ہے۔انہوں نے کوئی کام خلاف قانون نہیں کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ایک صاحب ہر وقت موقع کی تلاش بلکہ تاڑ میں رہتے ہیں اور بجائے ترقی میں ہاتھ بٹانے کے وہ ہمیشہ حکومت کو کسی نہ کسی طریقے سے پریشان کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دھرنے کا نتیجہ ان کے حق میں صحیح نہیں نکلا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا حکومت کا نقطہ نظر چودھری نثارنے اچھی طرح بیان کردیا ہے۔پاکستان ترقی اور خوشحالی کو ترس رہا ہے۔ کوئی ایشو کھڑا کرکے ترقی کا راستہ نہیں روکنا چاہیے۔ بردباری کے ساتھ جمہوری روایات کو بڑھانے کے لیے 2014ءکا تماشا برداشت کیا۔ انھیں اب مزید ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رائیونڈ دھرنے میں پیپلزپارٹی کے شامل نہ ہونے کے اعلان کی تعریف کرتے ہیں۔زرداری صاحب کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے۔ آج ہمیں اس تعلق کی یاد نہیں آرہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ضرورت کے تحت وہ یہ تعلق نہیں بڑھا رہے بلکہ پہلے بھی زرداری کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھایا تھا۔ وزیراعظم نے کہا دو سالوں میں وہ کچھ کرجانا چاہتے ہیں جس کا یہ تصور بھی نہیں کرسکتے۔ گھروں کی لوڈشیڈنگ بھی جلد ختم ہوجائے گی اور پاکستان روشن ہوگا۔