لاہور: (یو این پی) پاناما لیکس کے ہنگامے پر تحریک انصاف اور ق لیگ کی قیادت سرج جوڑ کر بیٹھ گئی ۔ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں شاہ محمود قریشی اور پرویز الٰہی کے درمیان پاناما لیکس کے معاملے پر مکمل اتفاق نظر آیا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں پیپلز پارٹی بھی جوڈیشل کمیشن اور انٹر نیشنل فرانزک کمیشن کے ذریعے تحقیقات چاہتی ہے ۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دو بار نواز شریف کی وجہ سے وزیر اعلٰی بنے مگر حیریت ہے کہ وہ اورنج ٹرین کے ڈبے سے باہر آنے کو تیار نہیں اور بڑے بھائی کے دفاع میں ایک لفظ نہیں بولے۔ پرویز الٰہی نے یہ بھی پیشکش کی کہ اگر چودھری نثار کے پاس کچھ ہے تو وہ اس کا آغاز ان سے کر لیں ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہرگز پاناما لیکس کے معاملے پر سولو فلائیٹ نہیں چاہتی ۔ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور پارلیمنٹ کے ایوان کو بھی اس حوالے سے بھرپور استعمال کریں گے۔