کیوٹو… لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں 7.8 شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 77 افراد ہلاک جب کہ 1500 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں ایکواڈور میں آنے والے زلزلے کے باعث سب سے زیادہ تباہی موئسنے اور گوئیایا کوئل کے علاقوں میں ہوئی۔ زلزلے کے نتیجے میں عمارتیں گرنے اور مختلف حادثات میں 77 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔زلزلے کے باعث سیکڑوں عمارتوں میں دراٹیں پڑ گئی ہیں جب کہ مواصلاتی نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے، مونٹا کے ایئرپورٹ پر کنٹرول ٹاور گرنے کے باعث فضائی آپریشن فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے سیکڑوں میل دور دارالحکومت کیوٹو سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ موجود ہونے کے باعث لوگوں نے محفوظ مقامات پر پناہ لے رکھی ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ایکواڈور میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی علاقے موئسنے سے 27 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا۔ ایکواڈور کے جیو فزکس انسٹیٹیوٹ کے مطابق زمین میں زلزلے کی گہرائی 20 کلو میٹر تھی جس کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔زلزلے کے بعد پیسیفک سونامی سینٹر کی جانب سے خطرناک سمندری لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم ایکواڈور حکام کی جانب سے سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ایکواڈور کے نائب صدر جارج گلاسیڈ نے زلزلے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے ملک کے 6 صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔