اسلام آباد(یواین پی) آزاد کشمیر اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شاہین ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کو گلگت بلتستان سمجھ کر فتح کرنیکی کوشش نہ کرے۔ آزاد کشمیر کے با شعور عوام جان چکے ہیں کہ کون لوگ ان پر ٹیکس لگا کر پیسہ باہر بھیجتے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی کی کرپشن چھپانے کیلئے شلٹر فراہم نہی کریگی۔ الیکشن میں کا رکردگی کی بنیاد پر اکثریت حاصل کر یں گے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شاہین کوثر ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایجوکیشن، ہیلتھ، انفراسٹرکچر اور خواتین کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کئے۔ اب ہم آزاد کشمیر میں وویمن چیمبر آف کامرس بنانے کی طرف جا رہے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے با شعور عوام کارکردگی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو ہی منتخب کرینگے۔ مسلم لیگ ن کشمیر کونسل کے فنڈز سے پارٹی کی انتخابی مہم چلا رہی ہے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں۔ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں یہ ریاست کے محنت کشوں کی جماعت ہے ۔ پیپلز پارٹی نے ہی 1973ء کا آئین بحال کیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہین ڈار نے کہا کہ پانامہ لیکس نے بڑے بڑے لوگوں کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس میں سے کوئی استعفی نہیں آیا۔ پانامہ لیکس انکشافات کے بعد مسلم لیگ ن کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا تو ہر دور میں ہی ٹرائل ہوتا رہا ہے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ جمہوریت بچانے کیلئے سسٹم کیخلاف نہیں ہونگے آصف علی زرداری جلد پاکستان آئینگے۔