دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ پوری قوم کی حمایت سے لڑی جارہی ہے
ملکی استحکام اورخوشحالی کیلئے ہرسطح پراحتساب ضروری ہے اوراس مقصد کیلئے پاک فوج مکمل تعاون کرے گی،
سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف
کوہاٹ(یو این پی) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کرپشن کے خاتمے سے جڑا ہے اور پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے لئے بلاامتیاز احتساب ضروری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے سگنل ریجمنٹل سینٹر کوہاٹ کا دورہ کیا جہاں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکے بغیر ملک میں دائمی امن اور استحکام نہیں آسکتا، ملکی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے لئے ہر سطح پراحتساب ضروری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ پوری قوم کی حمایت سے لڑی جارہی ہے، بلاامتیاز احتساب سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بہترہوگا اور مسلح افواج آئندہ نسلوں کے لئے ہر بامقصد کوششوں کی مکمل حمایت کریں گی۔آرمی چیف نے میجر جنرل سہیل احمد زیدی کو کرنل کمانڈنٹ سگنل کے بیج لگائے جب کہ اس سے قبل جنرل راحیل شریف نے یادگار شہدا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔