لاہور (یوا ین پی) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے سربراہ چودھری پرویز الہٰی نے فوج سے بدعنوان افسروں کو برطرف کرنے پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاناما لیکس والے جلد جیل میں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ہاوس میں وکلاءکے نومنتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ہم نے صوبہ پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے لیکن شہباز شریف نے صوبہ کا بیڑہ غرق کر دیا۔ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد حکمران اللہ کی پکڑ میں آگئے ہیں۔تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاءبرادری سے اپیل ہے کہ ان پر کڑا ہاتھ ڈالیں تاکہ یہ بچ نہ سکیں۔ چودھری پرویز الہی نے پاک فوج کے کرپٹ افسران کو برطرف کرنے کے جنرل راحیل کے فیصلے کوتاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے بعد کوئی بھی کرپٹ اب بچ نہیں پائے گا۔بہت سے سہولت کار بھی جیل جائیں گے۔ مسلم لیگ (ق) اور وکلاءرہنماوں نے پانامہ لیکس کے انکشافات کو لرزہ خیز قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے کرپٹ حکمرانوں کیخلاف ملکر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا۔