اسلام آباد …. عوامی رابطہ مہم کیلئے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ خیبرپختونخوا کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی رابطہ مہم کے دوران وزیر اعظم نواز شریف خیبر پختونخوا میں موٹروے کے توسیعی پراجیکٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سمیت بنوں اور کوہاٹ میں ایئرپورٹس کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف آئندہ ہفتے مانسہرہ اور ہزارہ کے 2 مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کرکے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔علاوہ ازیں اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم سوات بھی جائیں گے جہاں شریف فیملی کے تعمیرکردہ کڈنی ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔
خیبر پختونخوا کا دورہ کرنے کے بعد وزیر اعظم سندھ کا دورہ کریں گے جہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے اور سکھر و دیگر اضلاع میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔سندھ کے بعد وزیراعظم دورہ بلوچستان پر کوئٹہ جائیں گے جہاں تعلیمی اداروں و دیگر منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔