کراچی(یواین پی) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بڑے بڑے منصوبوں کے ٹھیکے بانٹے جا رہے ہیں، ایسی جمہوریت نہیں چلے گی۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو حکومت صاف پانی مہیا نہیں کر سکتی اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔ کراچی جو دنیا بھر میں مشہور تھا پڑھے لکھے اور ذہین لوگوں کا شہر تھا پھر کراچی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردی سے منسوب ہوا۔کراچی پاکستان کا ہی نہیں پورے وسط ایشیا کا گیٹ وے ہے۔ کراچی ”را“کے ایجنٹوں کا نہیں محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کو اس کی پہچان واپس دلائیں گے۔ تاریخ میں سنہری حروف سے یہ بات لکھی جائیگی کہ چند محب وطن افراد فرعونوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے۔ صرف تیس دن کی قلیل مدت میں اتنے بڑے جلسے کا انعقاد ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اپنے نازک دور کی آخری لکیر بھی پار کر چکا ہے۔ ایسی جمہوریت نہیں مانتے جو صرف اسلام آباد کے ایوانوں میں ہو بلکہ ایسی جمہوریت چاہیے تو ہر پاکستانی کی دہلیز پر ہو۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ اپنی جماعت کے منشور کا اعلان آیندہ چند روز میں کریں گے۔انہوں نے پارکوں اور گلی محلوں کا نظام عوام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلیاں اور سڑکیں بنانا ایم پی اے یا ایم این اے کا کام نہیں۔ روزگار‘ تعلیم اور صحت کی سہولیات مہیا کرنا حکومت وقت کا کام ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پورے پاکستان کا دورہ کریں گے۔