ریحام خان نے وزیراعظم سے ملاقات یا پیغام بھیجنے کی تردید کر دی
لاہور (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ اور اینکر پرسن ریحام خان نے وزیراعظم نواز شریف سے کسی بھی قسم کی ملاقات یا کوئی پیغام بھیجنے کی تردید کر دی ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر اپنے پیغام میں ریحام خان نے لکھا کہ ”ہماری صحافت کا معیار! فرائی ڈے ٹائمز نے ایک من گھڑت خبر شائع کی اور دوسرے بغیر تحقیق کے اسے پھیلا رہے ہیں، جیسے لیڈرز، ویسے صحافی“۔ریحام خان نے مزید کہا کہ ”تمام سیاسی جماعتیں اور ان کے نمائندہ صحافی اپنا تمام وقت جھوٹ پھیلانے میں گزارتے ہیں، برائے مہربانی اس کا آدھا وقت ہی گورننس پر لگا دیں“۔ریحام خان نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ مزید لکھا کہ ”میں واحد اینکر یا سیاستدان ہوں جو کبھی نواز شریف سے نہیں ملی۔ مزید یہ کہ ملک ریاض کے ساتھ ملاقات نہ کرنے کے معاملے میں بھی واحد اینکر اور سیاستدان ہوں، ہم میں سے کچھ سخت محنت کرتے ہیں اور ایمانداری سے کھیلتے ہیں“۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ من گھڑت خبر شائع کرنے پر فرائی ڈے ٹائمز کو وضاحت کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔