لاہور (یو این پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر دوسروں سے وضاحت طلب کرنیوالے پہلے اپنی وضاحت دیں۔ اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ اس معاملے پر قانون سازی کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ ذوالفقار بخاری کے ساتھ کب سے تعلق ہے۔ زلفی کی آف شور کمپنی میں مریضوں کے نام پر آنے والے پیسوں سے کتنی انویسٹمنٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے وضاحت تو کریں کہ بینظیر کے نام آف شور کمپنی غلط ہے یا درست۔ایک طرف تمام اپوزیشن اکٹھے ہو کر وزیراعظم سے وضاحت کا مطالبہ کرتی ہے لیکن خود وضاحت نہیں دیتے۔ اپوزیشن کا یہ رویہ قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کرے۔