اسلام آباد (یواین پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹرخزاں 2015ء میں پیش کئے گئے پی جی ڈی ٗ ایم اے ٗ ایم ایس سی ٗ ایم ایس ٗ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات 23۔مئی سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے ۔ امتحانات میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعہ رول نمبر سلپ ارسال کر دی گئی ہیں ۔ طالب علموں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے حاصل کی گئی رول نمبر سلپ بھی امتحان میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوگی۔طلبہ کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔