لاہور( یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج لاہور ائیر پورٹ پربلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کا استقبال کیا اوردونوں وزراء اعلیٰ کے درمیان ائیر پورٹ پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کوسانحہ گلشن اقبال کے شہداء کے لواحقین کیلئے ساڑے پانچ کروڑ مالیت کے چیک دےئے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے 29مارچ کودورہ لاہور کے موقع پر سانحہ گلشن اقبال کے شہداء کے لواحقین کیلئے پانچ ،پانچ لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کیلئے تین ،تین لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سانحہ گلشن اقبال پارک کے شہداء کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے چیک دینے پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہر ی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گلشن اقبال پارک کا واقعہ ایک قومی سانحہ ہے جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال پارک کے شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔