لاہور(یوا ین پی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار پر ان کو فخر ہے۔ لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے تیز رفتار سفر کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان سب کا ہے اور اسے مل کر مضبوط اور توانا بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبو ں کے مخالفین پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں نہ ہی عوام کی خوشحالی۔ انکا مقصد صرف ترقی کے راستے کو روکنا ہے، تاہم باشعور عوام ایسے عناصر کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے اور کون انتشار پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔