اسلام آباد(یواین پی) عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ویڈیو لنک پر قومی اقتصادی کونسل اور بجٹ کے اجلاسوں کی صدارت انتہائی تشویشناک ہے۔ جاسوس اداروں کیلئے پاکستان کی اقتصادی منصوبہ بندی سے متعلق اہم ترین گفتگو تک رسائی مشکل نہیں۔ قومی مفادات پر مسلسل سمجھوتے کئے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی اس طرح حکومتی انتظامات نہیں چلائے جاتے۔ وزیر اعظم کا ویڈیو لنک پر اجلاس کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ غیر محفوظ ویڈیو لنک پر اہم ترین اجلاس سنگین خطرات کا حامل ہے۔ان کا مزید کہنا تھا اقتصادی منصوبہ بندی سے متعلق گفتگو کی جاسوسی بھی کی جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم کی علالت اور عدم موجودگی کے باعث قومی مفادات پر مسلسل سمجھوتے کئے جا رہے ہیں۔ ملکی مفادات کے تحفظ کی خاطر اہم معلومات کی باضابطہ تشہیر سے قبل انہیں صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے۔