اسلام آباد (یو این پی) وزیر اعظم ہاوس کے ترجمان ڈاکٹر مصدق خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کا لندن میں آج دل کا بائی پاس آپریشن ہو گا۔ وزیر اعظم آپریشن کے بعد چند روز اسپتال میں گزاریں گے اور پھر انہیں رہائش گاہ منتقل کر دیا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم ہاوس کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نوازشریف کو لندن کے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے جہاں لندن کے مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح آٹھ بجے ان کا دل کا بائی پاس آپریشن ہو گا۔ یہ معمول کا آپریشن ہے تاہم انہیں چند روز اسپتال میں گزارنا پڑیں گے ، بعد میں گھر منتقل کردیا جائے گا۔ڈاکٹرمصد ق کا کہنا تھا کہ دنیا کے بہترین سرجنز کی ٹیم آپریشن کرے گی، وزیر اعظم جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ ایک ہفتے تک ان کی وطن واپسی کا بھی واضح ہو جائے گا۔ لاکھوں لوگوں نے وزیر اعظم نوازشریف کی صحت یابی کی دعا اور نیک تمناوں کے پیغامات بھیجے ہیں۔ وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کی طرف سے دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا میں مختلف لوگوں کی طرف سے وزیر اعظم کی اپنے خاندان کے ساتھ تصاویر پر کمنٹس قابل افسوس ہیں۔ وزیر اعظم قومی خدمت کے جذبے سے سرشار اور ان کی سپرٹ ہائی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بیماری کے باوجود کابینہ اور دیگر اہم اجلاسوں کی صدارت کی تاکہ قوم کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہوسکے۔