کوئٹہ(یو این پی) رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں۔ماہ مقدس سے پہلے شہر و گرد و نواح میں گراں فروش متحرک ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز کوئٹہ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 20روپے کااضافہ ہوا ہے جس کے بعد ٹماٹر کی فی کلو قیمت 40 روپے تک پہنچ گئی ہے۔پیاز کی قیمت 5 روپے اضافے کے بعد 30روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ لہسن 40 روپے اضافے کے بعد 160روپے فی کلو سے 200 روپے تک پہنچ گیا ہے اور ادرک کی فی کلو قیمت میں 60روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ادرک کی فی کلو قیمت 120 روپے سے 180 روپے تک پہنچ گئی ہے۔کوئٹہ شہر میں گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بکرے کے گوشت کی قیمت میں بعض علاقوں میں 50 روپے اضافہ کے بعد بکرے کاگوشت 650 روپے فی کلومیں فروخت کیاجارہاہے۔ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مرغی کاگوشت 240روپے سے بڑھ کر 260 روپے فی کلو ہوگیاہے۔شہر میں دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے ، سرکاری طورپر دودھ کی فی لیٹر قیمت 80 روپے مقررکی گئی تھی تاہم دودھ کی فی لیٹرقیمت 90 روپے کردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل دودھ 86 روپے فی لیٹر میں فروخت کیاجارہاتھا۔