سنگاپور (یو این پی)سنگاپور میں آن لائن سیکیورٹی کے نام پر حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے دفاتر میں انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی جریدے ٹائم کے مطابق سنگاپور کی حکومت نے حکومتی دفاتر میں موجود تمام کمپیوٹرز پر انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق مئی 2017 سے ہوجائے گا جس کا مقصد دفتری ای میل اکاؤنٹس سے لاحق ہونے والے آن لائن سیکیورٹی خطرات کی روک تھام کرنا ہے۔ اس فیصلے سے ایک لاکھ دفتری کمپیوٹرز آف لائن چلے جائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ٹرائل کچھ سرکاری محکموں میں شروع بھی کردیا گیا ہے۔ سنگاپوری حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین دفاتر میں ویب سرفنگ کرسکیں گے مگر صرف اپنے ذاتی ٹیبلیٹس یا موبائل فونز کے ذریعے کیونکہ ان ڈیوائسز کو حکومتی ای میل سسٹمز تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اگر ملازمین کو اپنے دفتری کام کے لیے انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی گی تو ہو کسی مخصوص انٹرنیٹ ٹرمینلز کے ذریعے آن لائن ہوسکیں گے مگر وہ وہ بھی کچھ وقت کے لیے۔ خیال رہے کہ سنگاپور سخت قوانین کے نفاذ کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔