کراچی: (یو این پی) کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں 473 پوائنٹس کی شدید گراوٹ ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 37 ہزار کے لیول سے بھی نیچے آگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار آج محتاط دکھائی دیے اور حصص خریدنے کے مقابلے انھیں بیچنے کا رحجان بڑھ جانے کے باعث 100 انڈیکس 473 پوائنٹس کمی کے بعد 36 ہزار 940 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق انڈیکس میں گراوٹ سے شیئرز میں مجموعی مالیت میں 90 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔ بروکرز کا کہنا ہے گزشتہ دنوں مارکیٹ میں بہتری کے باعث شیئرز کی قیمتیں بڑھ جانے سے سرمایہ کاروں نے منافع کی خاطر انھیں بیچنے پر زور دیا اور یہ رحجان مارکیٹ میں گراوٹ کا سبب بنا۔