کراچی(یو این پی)ایان علی کا نام ای سی ایل سے کیوں نہیں نکالا سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو چودہ جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔تفصیلات کےمطابق سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ڈالر گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق کیس کے سماعت کی،دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے بتایا کہ ایان کا نام وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا،جس پر جج نے ریماکس دیئےکہ کب تک ایسا چلتا رہے گا، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی حکم کےمطابق ویب سائٹ اپ ڈیٹ کی جارہی ہے تاکہ ای سی ایل والوں کا نام ویب سائٹ پر رکھا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا وہ کیوں نہیں آئے۔ ایان کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ایان کا نام عدالتی حکم پر ای سی ایل سے نکالا گیا، دو گھنٹے بعد دوبارہ شامل کردیا گیا، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا اور وہ بیرون ملک چلے گئے، صرف ایک لڑکی کے پیچھے سب پڑگئےہیں، ایان علی کو جھوٹے الزامات لگاکر پھنسایا جارہا ہے۔ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر عدالت نے شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے چودہ جون کو سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور حکم دیا کہ سیکرٹری داخلہ نہ آئےتو وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔