سکھر(یواین پی) سندھ حکومت نے بعض اضلاع میں پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے 20 جون سے خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کوآرڈینیشن سیل کی چیئرپرسن / ایم این اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سکھر لاڑکانہ ڈویژنز کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز، ڈبلیوایچ او اور یونیسیف کے نمائندگان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سندھ میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس سندھ کے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز کے کچے کے علاقوں میں گرمی کے سبب گردش کر رہا ہے، تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ مختلف علاقوں میں پولیو مہم کے معیار اور کامیابی کا جائزہ لینے والی تھرڈ پارٹی سروے ٹیموں کو سیکیورٹی کے نام پر خوفزدہ نہ کیا جائے اور ان کو آزادی سے سروے کرنے دیا جائے تاکہ پولیو ٹیموں کی کمزوریوں اور کوتاہیوں کے متعلق صحیح طرح سے واقفیت ہوسکے اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی میں بھی بہتری لائی جا سکے۔ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے مزید کہا کہ جو لیڈی ہیلتھ ورکر اور ویکسینیٹرز پولیو مہم کی دوران فرائض سے انکاری ہیں ان کی لسٹیں فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے پولیو مہم میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی ایچ اوز کو کہا کہ مہم کی سخت نگرانی کی جائے اور رہ جانے والے بچوں پر فوکس کیا جائے، خانہ بدوش آبادی کو اپنے مائکرو پلان میں شامل کیا جائے۔انہوں نے پیش امام مساجد سے گزارش کی کہ وہ اپنے خطبات میں پولیو مہم کو کامیاب کرنے کیلئے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں۔