عید الفطر پر نئے نوٹوں کا حصول ایک ایس ایم ایس کی دوری پر

Published on June 15, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 465)      No Comments

555
لاہور(یو این پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کی آمد کے پیش نظر عوام کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کرنے کیلئے ایس ایم ایس سروس متعارف کروا دی ہے ۔ اس سروس کے تحت پاکستانی عوام ملک کے 116 شہروں میں قائم 500 ای برانچز سے استفادہ کر سکیں گے ۔ سٹیٹ بینک کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ صارفین نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر ، بنک کی برانچ کا آئی ڈی 8877 پر ایس ایم ایس کریں گے ، اس ایس ایم ایس کی مالیت دو روپے ہوگی ، ایس ایم ایس کے جواب میں صارف کو اپنی متعلقہ بینک برانچ ، اس کا پتہ اور ایک مخصوص کوڈ فراہم کیا جائے گا اس کے علاوہ اس ایس ایم ایس میں اس کوڈ کو استعمال کر کے بینک سے نئے نوٹ حاصل کرنے کیلئے آخری تاریخ بھی درج کی جائے گی ۔ یہ کوڈ مقامی تعطیل کے علاوہ ہفتے میں کوئی سے بھی دو دن کیلئے قابل استعمال ہوگا ، ایس ایم ایس کی وصولی کے بعد صارفین اپنے اصل شناختی کارڈ ، اس کی ایک فوٹو کاپی اور موبائل پر موصول ہونے والے مخصوص کوڈ کے ساتھ اس بینک کی برانچ میں فوری رابطہ کرنے کا مجاز ہوگا ، عوام کو تکلیف سے بچانے کی خاطر سٹیٹ بینک نے تمام صارفین کیلئے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کی ایک حد مقرر کردی ہے ۔ اب ایک صارف دس روپے کے نوٹوں والے دو ، بیس روپے کے نوٹوں والا ایک ، اور پچاس اور سو روپے والے نوٹوں کا ایک ایک پیکٹ وصول کرنے کا مجاز ہوگا ، بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک موبائل نمبر اور اس پر موصول ہونے والا کوڈ نئے نوٹوں کی خریداری کیلئے صرف ایک بار استعمال کیا جا سکتا ہے ، اگر کوئی صارف اپنا شناختی کارڈ نمبر مختلف موبائل نمبرز سے بھی بھیجے گا تب بھی اس کو صرف ایک بار ہی کوڈ ارسال کیا جائے گا اور وہ نئے نوٹوں کی خریداری کی سہولت سے صرف ایک بار ہی استفادہ کرسکے گا ۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes