جھنگ(یواین پی)جھنگ کے معروف سینئر صحافی، ممبر پریس کلب جھنگ حاجی فضل کریم چوہدری کے مکان پر قبضہ کی کوشش کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تھانہ سٹی میں مذکورہ مکان پر قبضہ کی بابت 2الگ الگ وقوعہ جات پر بذریعہ سیشن کورٹ جھنگ مقدمات درج ہونے کے بعد مقدمہ کے تفتیشی آفیسر ثناء اللہ نے مکان مذکورہ کے قبضہ کا معاملہ زیر دفعہ145ضابطہ فوجداری علاقہ مجسٹریٹ کے حوالے کردیا ہے۔ جبکہ اس ضمن میں مذکورہ تفتیشی آفیسر کی جانب سے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کروائے گئے قلندرہ/رپورٹ میں حسب سابق حالات کے برعکس تحریر درج کی ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ تفتیشی آفیسر 18.05.16سے ہی ملزمان جن کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم اور دہشتگردوں کے ساتھ ہے کی کھلے عام جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عدالتوں میں غلط بیانی پر مبنی رپورٹس داخل کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں مقدمات کی تفتیش میں بھی ملزمان کی بھرپور جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقوعہ جات کو مشکوک ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم ضلع کچہری جھنگ کے سینئر وکلاء کی جانب سے تفتیشی افسر کی ان تمام جانبدارانہ تحریروں اور تحقیقات کابھرپور فائدہ مستغیث مقدمہ کو حاصل ہونے کا100فیصد امکان ظا ہر کیاگیا ہے۔دلچسپی کی بات یہ ہے کہ مذکورہ تفتیشی آفیسر کو 18مئی سے لیکر آج کے دن تک مقدمہ کے اصل حقائق کا علم نہ ہوسکا ہے اور نہ ایف آئی آر نمبر163میں درج وقوعہ کو تفتیشی آفیسر ثناء اللہ نے بغور پڑھا ہے۔ مذکورہ سب انسپکٹر کی جانب سے عدالتوں میں داخل کی گئی رپورٹس میں واضح طور پر لاعلمی، غلط بیانی اور جانبداری کا عنصر موجود ہے۔