لندن(یو این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے دورہ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی کا عزم دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق عظیم شین وارن سے مدد لینے کا ا ظہار کر دیا۔ یاسر شاہ انجری کے باعث دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے کاکول میں منعقدہ فٹنس کیمپ سے باہر ہوگئے تھے جبکہ ان کی بحالی کا عمل پی سی بی کی زیر نگرانی جاری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں شین وارن سے رابطے میں ہوں کیونکہ ان کا انگلینڈ میں ریکارڈ شاندار ہے اور ان سے ٹپس بھی لے رہا ہوں۔ لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ میں نے ان کی انگلینڈ میں باؤلنگ کی ویڈیوز دیکھی ہیں اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے جیسا کہ مختلف زاویوں سے گیند کو سلو کرنے سمیت دیگر چیزیں سیکھی ہیں، یاسر شاہ نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں شین وارن سے ٹپس لیں تھیں جبکہ شین وارن نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا تھا۔ ان سے دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے یاسر نے کہا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی طرح میں ان سے دوبارہ مل سکا تو یہ شاندار ہوگا۔