کراچی(یو این پی)جوں جوں عید الفطر قریب آتی جا رہی ہے کراچی میں پشاوری چپل کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، دکانداروں نے بھی عید کے لیے پشاوری، کوہاٹی چپلوں کے نت نئے ڈیزائن متعارف کرادیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پھولوں کے شہر سے آئے اس تحفے کی کراچی میں بھی خوب ڈیمانڈ ہے ،کراچی میں پشاوری چپلوں کے سب سے بڑے اور قدیم مرکز ناظم آباد نمبر دو کی نادریہ مارکیٹ میں ایک سے بڑھ کر ایک چپل دستیاب ہے، کان والی ہو یا نوک والی کٹ گول چاہیے ہویا موٹا سول ہر طرح کے جوتے یہیں تیارکیے جارہے ہیں۔نادریہ مارکیٹ میں پشاوری چپلوں کے علاوہ ، کوہاٹی، چکوالی، ملتانی، لاہوری اور بلوچی چپلیں بھی تیار اور فروخت کی جاتی ہیں خریدار کہتے ہے کہ پشاوری چپل ہر لباس پر جچتی ہے چاہے جینز ہویا شلوار قمیض۔عید کے لیے پشاوری چپل کی تیاری ایک ماہ پہلے شروع کردی جاتی ہے اس سیزن کے لیے بھی 500 سے زائد ماہرکاریگر خاص طور پر کراچی بلوائے گئے ہیں۔