کرینا اور سوہا علی کے بعد کترینا کیف بھی بنیں گی صحافی
ممبئی ( یو این پی) بالی وڈ میں مقابلہ بازی تو چلتی ہی رہتی ہے ، کوئی ایکٹر پولیس والا بنتا ہے تو باقی بھی اسی کی ڈگر پر چل پڑتے ہیں۔ کرینا نے جرنلسٹ کا کردار نبھایا تو اب کترینا بھی کچھ ایسا ہی کرتی آئیں گی نظر آئیں گی۔دبنگ خان پولیس والے بنے تو لگ گئی لمبی قطار کچھ ایسے ہی کرداروں میں آنے کے لیے دوسرے اداکاروں کی ، سنجے دت ، اجے دیوگن ،اکشے کمار بھلا کون نہیں تھا جس نے چلبل پانڈے جی کی طرح دبنگ پولیس والا بن کر کمال دکھایا۔ستیا گرہ میں کرینا کپور جرنلسٹ کے روپ میں آئیں تو نرگس فخری نے مدراس کیفے میں یہ خواہش کی پوری ، سوہا علی خان بھی وار چڈ ناں یار میں کچھ اسی طرح کے کردار میں جلوہ گر ہوئیں اور اب اب اس فہرست میں اضافہ ہوا ہے کترینا کیف کا، جو بنیں گی فوٹو جرنلسٹ ، ہیرو ہوں گے ان کے سیف علی خان ، ایکشن اور ماردھاڑ سے بھری اس مووی کو بیروت اور لبنان میں شوٹ کیا جارہا ہے۔یہ سب دیکھ کر لگتا یہی ہے کہ بالی وڈ اداکاراؤں میں جس طرح آگے بڑھنے کی دوڑ لگی ہے وہیں کرداروں میں بھی یہی حال ہے۔
شان کی نئی فلم میں عمائمہ ملک جلوہ گر ہونگی
لاہور ( یو این پی) شان کی نئی فلم ارتھ ٹو میں شان کے مدمقابل عمائمہ ملک جلوہ گرہوں گی۔پاکستانی اداکار شان شاہد ماضی کی مقبول بھارتی فلم ارتھ کا ریمیک بنابنے جا رہے ہیں جسکے حقوق وہ بھارتی ہدایتکار مہیش بھٹ سے لے چکے ہیں۔ خبروں کے مطابق اس فلم میں ان کے مدمقابل پاکستانی اداکارہ عمائمہ ملک جلوہ گر ہوں گی۔دسمبر کے تیسرے ہفتے میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا جائیگا۔ فلم کی لانچنگ تقریب میں خصوصی شرکت کیلئے مہیش بھٹ پاکستان آئیں گے۔فلم کی کاسٹ میں عمائمہ ملک کے علاوہ علی خان عظمی احسن اور دیگر اداکار شامل ہیں۔
راہول گاندھی کلین شیو میں اچھے لگتے ہیں، نیہا دھوبیا
ممبئی ( یو این پی) سا بقہ مس انڈیا اور بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوبیا نے کہا ہے کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کلین شیو میں اچھے لگتے ہیں۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ماضی میں کئی انداز اپنائے لیکن مجھے وہ کلین شیو میں سب سے زیادہ اچھے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے مقابلے میں راہول گاندھی جوان ہیں اسلئے انہیں کلین شیووالی لک اپنانی چاہیے۔
بڑی ہیروین میرے ساتھ کام نہیں کرتی:سنی دیول
ممبئی ( یو این پی) بالی اداکارہ سنی دیول کو ان کی حالیہ ریلیز فلم’سنگھ صاحب دی گریٹ‘میں اپنے آدھے سے بھی کم عمر کی ادارکارہ کے ساتھ رومانس کرتے دیکھا گیا۔سنی نے ا س بارے میں کہا کہ وہ آگے نئی اداکاراؤں کے ساتھ ہی فلمز کریں گے۔کیونکہ بڑے ہیروین انکے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند نہیں ہیں۔سنی نے کہا کہ میری فلم کو اچھی اوپننگ ملی ہے۔میں طویل عرصے سے گھر بیٹھے تھک چکاتھا۔بد قسمتی سے کچھ سالوں میں میری فلمیں نہیں آئیں۔کچھ فلمیں اب بھی لٹکی ہوئی ہیں۔اس پر وہ جلد کام کرنا چاہتے ہیں۔
زری نے نئی فلم’’نصیبو‘‘ کی کامیابی کیلئے مزاروں کا رخ کر لیا
لاہور ( یو این پی) اداکارہ زری نے اپنی نئی فلم ’’ نصیبو‘‘ کی کامیابی کے ساتھ اپنے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگنے کیلئے مزاروں کا رخ کر لیا۔اداکارہ زری کی فلم ’’ نصیبو ‘‘ مکمل ہو چکی ہے۔فلم میں زری نے مرکزی کردار اداا کیا ہے۔فلم 22نومبر کو ریلیز ہونا تھی لیکن بعض وجوہات کی بناء پراس کی ریلز میں تاخیر ہو گئی تاہم اب فلم ’’ نصیبو ‘‘ کو آئندہ ہفتے نمائش کیلئے پیش کر دیا جائیگا۔ فلم اور اپنی کامیابی کے لئے اداکارہ زری نے متعدد مزاروں میں جا کر خصوصی دعائیں مانگی ہیں۔ فلم ’’نصیبو‘‘ میں اداکارہ نرگس کا آئٹم سونگ بھی شامل ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر سجاد رضوی اور فلمساز انیس چوہدری ،حنیف چوہدری ہیں۔
میرا کو بھارتی پنجاب میں بننے والی فلم میں کام مل گیا
لاہور( یو این پی) معروف اداکارہ میرا کوبھارتی پنجاب میں بننے والی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے‘ جس کی شوٹنگ عنقریب شروع کی جائے گی۔اس سلسلہ میں پہلے بھارت اوراس کے بعد شوٹنگ سپیل کینیڈا میں عکسبندی کیاجائے گا۔اداکارہ میرا نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ بھارتی پنجاب میں بننے والی فلموں کا معیار بہت اچھا ہوچکا ہے اوراس وقت بھارت کی پنجابی فلمیں برطانیہ، کینیڈا، امریکا، مڈل ایسٹ اوردیگرممالک میں ریلیز کی جارہی ہیں جن کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ اسی لیے مجھے جب فلم کے لیے رابطہ کیا گیاتومیں نے فوری رضامندی ظاہرکردی۔ فلم میں مجھے مرکزی کردار دیاگیا ہے جب کہ اس کودنیاکے بیشترممالک میں بیک وقت ریلیز کیاجائے گا۔
کام کے ساتھ میری محبت جنون کی حد تک ہے:غلام محی الدین
لاہور( یو این پی) اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ کام کے ساتھ میری محبت جنون کی حد تک ہے‘ اپنے ابتدائی دور سے لیکر اب تک میں نے ہمیشہ جنون کے ساتھ اداکاری کی ہے اور جب میں اداکاری کر رہا ہوتا ہوں تو مجھے اپنے ارد گرد کے ماحول کا بالکل احساس نہیں ہوتا مگر آج نئے اداکارہ اس طرح کام نہیں کرتے جس طرح ہمارے وقتوں میں ہوا کرتا تھا۔ پاکستان‘ بھارت‘ چین اور جاپان میں میری اور بابرہ شریف کی جوڑی کو پسند کیا جاتا رہا اور میری پہلی فلم ’’میرا نام ہے محبت‘‘ بھی میرے مد مقابل بابرہ شریف ہیروئن تھی۔ میں نے ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بڑی سکرین تک پہنچا یہ صرف خدا کی مہربانی ہے۔
ماہ نور بلوچ صرف کراچی کی فلموں میں اداکاری کریں گی
لاہور ( یو این پی) اداکارہ ماہ نور بلوچ فلم ’’ میں ہوں شاہد آفریدی ‘‘ کی کامیابی کے بعد مزید فلموں کیلئے آمادہ ، صرف کراچی سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسر اور ہدایتکاروں کی فلموں میں اداکاری کریں گی۔ اس حوالے سے ماہ نور بلوچ کا کہنا ہے کہ میں نے شوبز کے ساتھ اپنے گھر کو بھی وقت دینا ضروری ہے۔ شوبز اور گھریلو ذمہ داریاں برابر طریقے سے ادا کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہے۔ میری کوشش ہے کہ آئندہ بھی جو فلم کروں اس کی شوٹنگ کراچی میں ہو تاکہ میرے گھریلو معاملات پر کوئی اثر نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میں نے کراچی سے تعلق رکھنے ہدایتکاروں کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تھیٹر بند، معروف کامیڈینز نے ٹی وی ٹاک شوز کا رخ کرلیا
لاہور ( یو این پی) بے ہودہ رقص اور فحش گوئی کی دیمک ملک میں اصلاحی فیملی تھیٹر کو چٹ کر گئی، معروف کامیڈینزنے تھیٹر سے چھٹی کے باعث ٹی وی ٹاک شوز کا رخ کر لیا، تھیٹر کی تاریخ کا آغاز انسانی زندگی کے ساتھ ہی ہوتا ہے جس کے شواہد یونان کی قدیم تہذیب سے ملتے ہیں پاکستان میں سبق آموزاصلاحی اور آرٹ تھیٹر کو کمرشل تھیٹرنے کھوکھلا کر دیا اور کئی منازل طے کرنے کے بعد ملک میں اب صرف ڈانس تھیٹر ہی ہو رہا ہے۔تھیٹر پر فحش گوئی اور بے ہودہ ڈانس نے سب سے زیادہ نقصان صاف ستھری کامیڈی کرنے والے ورسٹائل مرد اداکاروں کو پہنچایا جو اپنا چولہا گرم رکھنے کیلئے ان دنوں مختلف ٹی وی ٹاک شوز میں دکھائی دیتے ہیں۔
فلم انڈسٹری جلد دوبارہ ترقی کی طرف گامزن ہو گی۔حبیب
لاہور (یواین پی) اداکار حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری بہت جلد ایک مرتبہ پھر ترقی کی طرف گامزن ہو گی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم غیر ملکی خصوصاً ہندوستانی فلموں کی یلغار سے باہر نکلیں۔ حبیب نے کہا کہ ہم نے 50 ء سے 60 ء کی دہائی میں بھارتی فلموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بے شمار کامیابیاں حاصل کی۔ اب بھی ایسا ہو سکتا ہے اس کے ضروری ہے کہ ہم اسکرپٹس ٗ میوزک اور دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دیں۔
پی ٹی وی پر جاری تمام پروگرامز میں نئی جدت پیدا کی جا رہی ہے۔بشارت احمد خان
لاہور (یواین پی) پی ٹی وی لاہور سنٹر سمیت دیگر تمام پی ٹی وی سنٹر پر جاری پروگرامز میں نئی جدت پیدا کی جا رہی ہے۔ موجودہ گولڈن جوبلی برس میں داخل ہونے کے بعد سپر ہٹ ڈراموں ٗ میوزک ٗ ٹاک شوز اور دیگر پروگرامز کو بھی دکھایا جائے گا اور اس طرح ایک مرتبہ پھر پی ٹی وی کے شاندار ماضی کو دوہرایا جائے گا۔یہ باتیں پی ٹی وی لاہور سنٹر کے پروگرام منیجر بشارت احمد خان نے یواین پی سے خصوصی ملاقات میں کیں۔