لاہور(یوا ین پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہسپتال میں ختم ہونے والی ضروری ادویات کابغیر کسی تاخیر کے بروقت آڈر دینے پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر شہناز نسیم کی کارکردگی کو سراہااور ان کے لئے 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر شہناز نسیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اورکارکردگی پر شاباش دی اوران کے لئے تعریفی سٹر ٹیفکیٹ بھی دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر شہناز نسیم نے جس ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا و ہ قابل ستائش ہے اور میں انہیں شاباش دیتا ہوں ،دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ڈاکٹر شہناز نسیم نے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض سرانجام دےئے اورختم ہونے والی ادویات کا فوری آڈر دیاجبکہ ڈی سی او اور ای ڈی او اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا اور کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ایم ایس ڈاکٹر شہناز نسیم نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے دی جانے والی انعام کی رقم بھی ہسپتال میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے خرچ کروں گی۔