اسلام آباد (یو این پی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے )نے استنبول کے اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خود کش حملوں کے بعد ترکش ایئر لائن کو مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور کٹھن وقت میں ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں، استنبول ائیر پورٹ پر دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ترکش ایئر لائن کو مکمل تعاون کی پیش کش کی گئی ہے، پی آئی اے نے اپنے جہازوں کے ذریعے ترکش ائیر لائن کے مسافروں کی آمدروفت میں تعاون کا یقین دلایا ہے۔ واضح رہے ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے تین خود کش حملوں میں 41 افراد جاں بحق اور 239 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، دوسری طرف ریسکیو کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیاگیا جبکہ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترک میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں داعش کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تین خود حملہ آوروں نے ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور زخمی ہو گیا، ایک حملہ آور کے زخمی ہونے کے بعد تینوں حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا لیا اور یوں وہ ایئرپورٹ میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ترک حکام کے مطابق متاثر ہونیوالے افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمی اور مرنیوالوں میں زیادہ تعداد ترک شہریوں کی ہے۔ترک گورنر کے مطابق اب تک 13 غیرملکیوں سمیت 41 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 239 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دھماکوں کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کر کے تمام مسافروں کو ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹرمینل کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔ ترکی میں ہونیوالے ان دھماکوں کی وزیر پاکستان نواز شریف اور امریکی صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے مزمت کی ہے۔