کراچی (یو این پی) رمضان المبارک اور عید کا چاند کہاں نظر آیا، کہاں نہیں، قوم ہمیشہ الجھن کا شکار رہتی ہے۔ ملک کے تمام شہروں میں چاند ایک ساتھ دکھائی نہیں دیتا۔ تاہم آج کا سوال یہ ہے کہ اس سال یکم شوال کا چاند کب دکھائی دے گا۔ اب چاند عام لوگوں کو بہت کم دکھائی دیتا ہے۔ اس کا انحصار دو باتوں پر رہ گیا ہے۔ ایک محکمہ موسمیات کی پیش گوئی۔ دوسرا رویت ہلال کمیٹی کا اعلان۔ سائنسی طریقے میں چاند کی پیدائش اور اس کے بعد اس کے بڑھتے رہنے کا وقت چاند کی عمر کہلاتا ہے۔ماہرین کے مطابق، چاند آنکھ سے دیکھنے کیلئے عمر سے زیادہ اس کے زاویے کی اہمیت ہے۔ ماہرین کے مطابق، 20 گھنٹے سے کم عمر چاند موجود ہونے کے باوجود نظر نہیں آتا۔ ماہرین فلکیات کی رائے میں پاکستان کے جنوبی علاقوں میں چاند دیکھے جانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ تاہم اس سال پانچ جولائی کو ان علاقوں میں چاند نظر آنے کی توقع نہیں۔ لیکن محکمہ موسمیات کے ماہرین پانچ جولائی کو یکم شوال کا چاند دکھائی دینے کی پیش گوئی کر چکے ہیں۔