فیصل آباد(یوا ین پی )عید الفطر پر پنجاب کی تمام اہم جیلوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی غرض سے سینٹرل و ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد سمیت دیگر ہائی سکیورٹی بیرکس پر مشتمل جیلوں کے افسرا ن و اہلکاران سے کہاگیاہے کہ وہ عید الفطر کے ایام میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات مکمل رکھیں ۔ جیل خانہ جات پنجاب فیصل آبادریجن کے ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلہ میں جاری کئے گئے مراسلہ میں یہ بھی کہاگیاہے کہ ایسے جیل اہلکار جو جیل سے باہر کرایوں کے مکانات یا ذاتی رہائشوں میں قیام پذیر ہیں و ہ بھی عید کے ایام میں جیلوں سے ملحقہ اسیروں کیلئے تعمیر کئے گئے فیملی رومز میں شفٹ ہوں تاکہ کسی بھی ضرورت کی صورت میں ان کی خدمات سے فوری استفادہ کیاجاسکے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سینٹرل جیل فیصل آباد ، سینٹرل جیل لاہور، سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی اور سینٹرل جیل ملتان میں قائم ہائی سکیورٹی بیرکس میں ہائی پروفائل اسیر موجود ہیں جن کی حفاظت کیلئے عید الفطر پر خصوصی انتظامات کا حکم دیاگیاہے۔