لاہور (یو این پی) سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے آج بلوچستان اور کراچی میں چاند نظر آنے کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج چاند دو مقامات پر نظر آنے کا امکان ہے۔ سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق منگل کے روز چاند کراچی اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں نظر آ سکتا ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔خالد اعجاز مفتی کے مطابق آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 27 گھنٹوں سے تجاوز ہو گی۔ غروب قمر اور غروب شمس کے درمیان 40 منٹ کا فرق لازمی ہونا چاہیے۔ اگر موسم انتہائی صاف ہوا تو چاند نظر آئے گا۔ سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق بدھ کے روز پاکستان میں واضح طور چاند نظر آئے گا۔