مدینۃ المنورہ(یو این پی) سعودی عرب میں مدینہ منورہ، مشرقی شہر قطیف اور جدہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار دھماکے ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں ایک دھماکہ مسجد نبوی ﷺ کے قریب کار پارکنگ میں جبکہ دوسرا جنت البقیع کے قریب ہوا ہے۔ جنت البقیع کے قریب ہونیوالے بم دھماکے میں کم از کم 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مدینۃ المنورہ میں مسجد نبوی ﷺکی پارکنگ میں مبینہ طور پر خود کش دھماکہ افطاری سے کچھ دیر قبل ہوا۔ دھماکے سے ایک کار میں آگ لگ گئی اور اس سے اٹھتا دھواں دور دور تک دیکھا گیا جس نے پارکنگ میں کھڑی کئی اور گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ مدینہ منورہ سے ایک عینی شاہد منیر الدین کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایک دھماکا جنت البقیع کے قریب پارکنگ میں ہوا، تاہم لوگ نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے وہاں موجود رہے اور انہوں نے وہاں افطار کی، دھماکوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔ میڈیا رپوٹس کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف اور جدہ میں بھی 2 دھماکے ہوئے، عرب میڈیا کے مطابق ایک دھماکے قطیف میں مسجد عمران کے قریب ہوا، جس میں حملہ آور ہلاک ہوا ہے، یہ دھماکہ خود کش حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پیر کے روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے قریب بھی دھماکہ ہوا تھا جس میں دو سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوئے تھے۔ ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مشق کی گئی ہے۔ جو معمول کی کارروائی کا حصہ تھیں۔ جبکہ آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ جنت البقیع کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر منظورالحق کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ مدینۃ المنورہ میں دھماکوں کے بعد سعودی سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پا لیا اور بعد ازاں مسجد نبویﷺ میں نماز تراویح حسب معمول ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔