کراچی(یو این پی) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ‘ چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے تاجر برادری کی عید کی خوشیوں کو نظر لگ گئی۔ عیدالفطر کی خریداری میں 20ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق عیدالفطر پر تاجر برادری کو کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ہوتی ہے۔ اس سال بھی کراچی کی تاجر برادری کو بہتری کی امید تھی لیکن شہر کے حالات نے امیدوں پر پانی پھیر دیا۔آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے نائنٹی ٹونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ پچھلے سال عیدالفطر پر بہتر حالات کی وجہ سے ستر ارب کا کاروبار ہوا تھا تاہم رواں سال اس میں بیس ارب کی کمی واقع ہوئی ہے۔عتیق میر کا کہنا تھا کہ امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ، چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے بازاروں کی رونق ماند پڑ گئیں اور مارکیٹوں میں لوگوں کا رش بھی کم رہا۔ ادھر بڑھتی مہنگائی نے بھی اپنا کام دکھا دیا جس نے شہریوں کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا۔کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پچھلے سال دکانداروں کی دکانیں خالی ہو گئیں تھیں جبکہ اس سال زیادہ تر اسٹاک ختم نہ ہوسکا جس سے کاروباری حلقے میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔