کراچی(یو این پی)مرحوم امجد صابری کے بڑے بھائی ثروت صابری اور ان کے بچوں نے لیاقت آباد کی جامع مسجد میں نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد امجد صابری کی رہائش گاہ پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ قوال مرحوم امجد صابری کی رہائش گاہ پر عیدالفطر ختم ہوتے ہی تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ تعزیت کیلئے آنےوالوں میں مرحوم کے عزیزو اقارب، دوست احباب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔لوگ نم آنکھوں سے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کےساتھ ساتھ عید کی کی مبارکباد بھی دیتے رہے۔ مرحوم کے بڑے بھائی ثروت صابری کا کہنا تھا کہ امجد صابری شخصیت نہیں بلکہ ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔ ظالموں نے ان کو ابدی نیند سلا دیا۔اس موقع پر امجد صابری کے بھائی عظمت صابری کا کہنا تھا کہ امجد صابری عید پر گھر میں خاص تیاریاں کروایا کرتے تھے۔ اہل محلہ کے مطابق ہر عید پرامجد صابری نماز کے بعد خصوصی دعا کرواتے تھے جو ہمارے لئے انمول تحفہ تھی۔