لندن(یو این پی)پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے رحمان ملک کے ہمراہ لندن کے چرچل ہوٹل میں نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ حکمران ایک طرف تو پیپلز پارٹی کیخلاف کرپشن کا شور مچا رہے تھے، دوسری جانب اپنے بچوں کے نام پر آف شور کمپنیاں بنا رہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاناما لیکس کے بعد حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب اس قسم کی منافقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انھیں پی ٹی آئی کے طریقہ احتجاج پر تحفظات ہیں۔ وہ وطن واپس پہنچ کر حکومت مخالف تحریک میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔