بیجنگ ۔۔۔اسے کہتے ہیں محبت ، یا شائد بیوقوفی؟ یہ حیرت انگیز تصویر چین کے شہر ووحان میں بنائی گئی جہاں شدید بارشوں کے بعد سڑکوں پر سیلاب کی سی کیفیت ہے۔ ایک ایسی ہی سڑک پار کرنے کی مشکل میں دو چار اس نوجوان جوڑے کی ایک تصویر سامنے آئی تو انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔
تصویر میں ایک لڑکی اپنے ہمسفر کو اپنی پشت پر اٹھائے پانی سے بھری سڑک پار کر رہی ہے۔ چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھی نے چمڑے کے قیمتی جوتے پہن رکھے تھے، اگر وہ پانی میں گزرتا تو اس کے قیمتی جوتے خراب ہو جاتے، لہٰذا اس نے اسے اپنی پشت پر اٹھایا اور یوں دونوں نے سڑک پار کر لی۔
چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر اس تصویر نے ایسی ہلچل برپا کی ہے کہ اب تک اس پر ہزاروں تبصرے کیے جا چکے ہیں۔ جہاں کچھ انٹرنیٹ صارفین نے اسے لڑکی اور لڑکے کا ذاتی معاملہ قرار دیا ہے وہیں جوتے بچانے کیلئے ہمسفر کی پشت پر سوار ہونیوالے نوجوان کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
ایک صاحب نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ”شرم کرو! اگر جوتوں کا اتنا ہی خیال ہے تو انہیں اتار کر سڑک پار کر لو۔ “ ایک اور انٹرنیٹ صارف نے لکھا ”مجھے سمجھ نہیں آرہی اس لڑکی کو کیا کہوں ، بھولی بھالی یا احمق ؟ “ ایک اور صاحب نے لکھا ” اگر میں اس لڑکی کا دوست ہوتا تو ضرور اس سے شادی کر لیتا، بھلا ایسی لڑکی کہاں ملے گی ؟ “واضح رہے کہ چین کے روایتی معاشرے میں ناز برداری اور مشکل وقت پر سہارا بننے کی ذمہ داری عموماً مردوں کے کندھوں پر ہی ہوتی ہے۔