لندن(یوا ین پی) سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر پوری دنیا میں پھیل گئی ٗ غیر ملکی میڈیا نے بھی عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سووراج نے بھی افسوس کا اظہار کیا ۔ عہد ساز شخصیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر پوری دنیا سوگوار ہے ۔ مغربی ، یورپی اور عرب میڈیا نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کی خبر نمایاں طور پر نشر کی ۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا عبدالستار ایدھی پاکستانی غریبوں اور ضرورت مندوں کے ہیرو تھے ۔ الجزیرہ نے انہیں پاکستان کا مدر ٹریسا لکھا ٗدی گارڈین نے انہیں اینجل آف مرسی کہہ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ دی ٹیلی گراف نے لکھا پاکستانی انسان دوست عبدالستار ایدھی اٹھاسی سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ میل آن لائن نے انہیں لیجنڈری پاکستانی سوشل ورکر کہا ۔ نیویارک ٹائمز نے عبدالستار ایدھی کو پاکستانی فادر ٹریسا کا لقب دے دیا ۔ ٹائمز آف انڈیا ، زی نیوز ، ہندوستان ٹائمز ، انڈین ایکسپریس سمیت بھارتی میڈیا نے بھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہا ۔