لندن (یوا ین پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں انتہا کی ریاستی دہشتگردی ہورہی ہے جبکہ خوف کی وجہ سے انٹرنیشنل کمیونٹی اسرائیل کو تحفظ دیتی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ فلسطین میں ریاستی دہشت گردی ہورہی ہے، تاہم دنیا کو دکھایا جاتا ہے کہ یہ برابر قوتوں کی جنگ ہے جو غلط ہے۔ حقیقت میں ایک طرف ریاست تو دوسری جانب نہتے لوگ ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج خواتین اور بچوں پر بمباری کررہی ہے جبکہ اسرائیل کو مظلوم بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔اسرائیلی ظلم و بربریت پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی خاموشی اور کسی ردعمل کے نہ ہونے پر افسوس ہے، انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی پوری انسانیت کی طرف سے اسرائیل کی فلسطینیوں پر جارحیت اور مظالم کی سخت مذمت کرتا ہوں، بحیثیت انسان یہ صرف اور صرف ظلم ہے جسکے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔