لاہور(یو این پی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے سبب غذائی قلت شدید ہو چکی۔ بھارتی فوج کے دباؤ پر کٹھ پتلی حکومت نے سرگرم کشمیریوں کے علاقوں میں بجلی و پانی بھی بند کررکھا ہے۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کو سخت ذہنی اذیت سے دوچار کیا جارہا ہے۔ اخبارات میں چھاپے اور میڈیا پر پابندیاں لگا کر کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔کل 19جولائی کو لاہور سے اسلام آباد تک کشمیرکارواں تاریخی نوعیت کا ہو گا۔20جولائی کو کارواں کے اختتام پراسلام آباد میں بڑا جلسہ ہو گا۔انہوں نے پاکستانی قوم سے کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ لاکھوں افراد کی شرکت سے دنیا کو مضبوط پیغام جائے گاکہ پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں ایک اجلاس کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر سے دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے بھی ٹیلیفونک خطاب کیا۔ اجلاس میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، انجینئر نوید قمر، حافظ عبدالرؤف، ابوالہاشم ربانی،حافظ طلحہ سعید، محمدیحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید و دیگر بھی موجود تھے۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں اخبارات میں چھاپے مار کر لاکھوں کاپیاں ضبط کر لی گئیں اور صحافیوں پر بھی بدترین تشدد کیا جارہا ہے۔ بھارت سرکار کسی کو کشمیریوں کی مظلومیت بیان کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہتی۔ پہلے انٹرنیٹ اور موبائل سروس پر پابندیاں لگائی گئیں تاکہ سوشل میڈیا نہ چل سکے اور اب پاکستانی ٹی وی چینلز اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت اجاگر کرنے والے دیگر چینلزکی نشریات بند کرنے کے علاوہ اخبارات کی اشاعت بھی روک دی گئی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ مودی سرکار کی اس بدترین دہشت گردی پر بھی دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل جیسے اداروں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں پر ظلم و تشدد کیخلاف تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ اس سلسلہ میں پہلا بڑا پروگرام کل مسجد شہداء سے شروع ہونے والالاہور سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں ہے جس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر انتظام ہونے والے اس کارواں میں شرکت کے حوالہ سے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے کئے جارہے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔