پاکستان فتح اللہ گولن کے تمام ادارے بند کرے، ترکی

Published on July 24, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 360)      No Comments

02
استنبول(یواین پی) ترکی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان امریکہ میں خود ساختہ جلا وطنی کاٹنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن کے تحت چلائے جانے والے تمام اداروں کو بند کرے گا۔ ترک حکام نے حال ہی میں ہونے والی فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پیچھے فتح اللہ گولن کا ہاتھ قرار دیا ہے۔ ترک سفیر صادق بابر نے ترکی میں ہونے والی پیش رفت پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام دوست ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ممالک میں گولن گروپ کی سرگرمیوں کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پیچھے گولن تحریک تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں گولن کے زیر انتظام 21 اسکولز، ایک رومی فورم اور ایک انٹیلیکچوئل اینڈ انٹر کلچرل ڈائیلاگ پلیٹ فارم چلایا جا رہا ہے جبکہ وہ کئی کاروبار میں بھی شراکت دار ہیں۔ فتح اللہ گولن کی تنظیمیں اور کاروبار پاکستان میں کئی دہائیوں سے سرگرم ہیں۔ ترک سفیر نے کہا کہ گولن کے تحت چلائے جانے والے اداروں کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے ترک حکومت پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ ایک ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے گولن سے وابستہ اداروں کے خلاف انتظامی کارروائی کیلئے آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ صادق بابر نے کہا کہ ترک حکومت امریکہ سے بھی مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ فتح اللہ گولن کو ہمارے حوالے کرے اور اس حوالے سے امریکہ کی جانب سے مانگے گئے ثبوت فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ اس معاملے پر غور کرے گا۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes