لاہور(یواین پی)عوامی تحریک کےسربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے۔ کہتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداءکے قصاص کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعظم احتساب کا نام سن کر بیمار ہوجاتے ہیں۔تفصیلات کےمطابق لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم احتساب کا سن کر بیمار پڑ جاتے ہیں لیکن مظفر آباد میں جشن منانے جانا ہو تو ٹھیک ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے سانحہ ماڈل ٹاون کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔ شہداءکے انصاف اور قصاص کے لیے آخری حد تک جائیں گے اگر انصاف نہ ملا تو ایسا دھرنا ہو گا کہ لوگ دوہزار چودہ کے دھرنے کو بھول جائیں گے ،سربراہ عوامی تحریک نے نئے الیکشن کمیشن کو مسترد کر دیا اور کہا کہ حکومت نے اپنی مرضی کا الیکشن کمیشن بنانے کے لیے آئین کو ہی تبدیل کر دیا ہےجو کسی صورت بھی قبول نہیں۔