کشمیر کی آزادی پاکستان کے ہر فرد کی اولین خواہش ہے، آمریت اور آمروں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ پس پشت ڈالا
اسلام آباد (یوا ین پی) وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا جائے گا۔ کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق دینا بھارت کی ذمے داری ہے ۔جمعرات کو مسئلہ کشمیر کے حل اورمقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے سدباب کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ آمریت اور آمروں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ پس پشت ڈالا۔ پرویز مشرف نے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پرویز رشید نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کے ہر فرد کی اولین خواہش ہے۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت کا موقف پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتاہے۔ ملکی معیشت اور دہشت گردی کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہاکہ ماضی میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات روز کا معمول تھے۔آج عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم محمدنواز شریف نے کشمیر کے مضبوط وکیل کے طور پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ محفوظ ،پرامن اور روشن پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری ہے۔