کویت سے ویزے کی شرط کے خاتمے کا معاہدہ معطل

Published on July 31, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 400)      No Comments

02
اسلام آباد(یو این پی)پاکستان نے کویت کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے حامل افراد کے لیے ویزے کی شرط کے خاتمے کا معاہدہ معطل کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان جمعے کو وفاقی وزارتِ داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے پاکستانی حکام اور سفارت کاروں کو کویت کے سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے تناظر میں کیا ہے۔ چوہدری نثار کے مطابق کویت اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے باوجود جب سرکاری یا سفارتی پاسپورٹ کے حامل پاکستانی افسران کویت جانا چاہیں اور ان کے لیے ویزے کے حصول کی شرط رکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کویتی حکام کا یہ فیصلہ معاہدے کی روح سے متصادم ہے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ویزے کے معاہدے سرکاری حکام کے لیے سفر آسان بنانے کی نیت سے کیے جاتے ہیں اور کویت سے کیا جانے والا معاہدہ پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو رہا تھا۔ پاکستان اور کویت کے حکام نے نومبر سنہ 2013 میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی، خصوصی یا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں تھی۔ گذشتہ برس پاکستان کی قومی اسمبلی میں اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر پیر سید صدرالدین شاہ نے بتایا تھا کہ کویت میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کو بھی دہشت گردی کے خدشے کے پیشِ نظر ویزے نہیں جاری کیے جا رہے۔ خیال رہے کہ کویت میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی روزگار کے لیے مقیم ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes