سرینگر(یو این پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی چوبیس ویں روز بھی جاری رہی جبکہ بھارتی مظالم سے شہید ہونے والوں کی تعداد چوہتر ہوگئی۔ بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں سے زخمی ہونے والوں کی تعداد ساڑھے پانچ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی شمع کے پروانے جہاں دنیا کے سامنے جانوں کے نذرانے پیش کرکے تاریخ رقم کررہے ہیں تو وہیں نام نہاد بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ بھی عیاں کررہے ہیں۔ آزاد فضا میں جینے کے خواہش مند کشمیریوں کو طویل کرفیو کا سامنا ہے جس سے متعدد علاقوں میں خوراک کی قلت پیدا ہوچکی ہے اور بھارتی پولیس نے کلگام میں فائرنگ کر کے مزید تین نہتے کشمیریوں کو زخمی کردیا دوسری طرف ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک بدستورنظربند ہیں حریت رہنماؤں نے ہڑتال کی کال پانچ اگست تک بڑھا دی ہے ۔