لاہور(یو این پی)لاہور میں بارش تو کچھ دیر ہوئی اور تمام پوش علاقوں سے پانی بھی نکل گیا، ہرے بھرے علاقے نکھر اٹھے لیکن شہر کی غریب آبادیوں میں اکٹھا ہونے والا پانی نکالا نہ جا سکا۔تفصیلات کےمطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ہر ہفتے اپنے حلقے کا دورا کرتے ہیں، عوامی مسائل حل کرنے کے دعوے اور وعدے تو بہت کئے جاتے ہیں لیکن جمعہ کے روز ہونے والی بارش نے تمام وعدوں اور دعوئوں کی قلعی کھول دی۔بارش تو صرف تینتیس ملی میٹر ہوئی لیکن رحمان پورہ کی گلیوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔اہل علاقہ نے دن تو جیسے تیسے کر کے کاٹ لیا لیکن رات کو گھروں کی دہلیز پر کھڑے پانی سے نکلنے والے تعفن نے ان کی مشکلات کو دوگنا کر دیا۔ یہ مسئلہ صرف رحمان پورہ کا نہیں بلکہ اچھرہ، وحدت کالونی، اورسمن آباد سمیت شہر کے اکثر علاقے ایسے ہی ہیں جہاں بارش کے بعد گلیوں میں کھڑے ہونے والا پانی مکینوں کو قیدی بنا دیتا ہے ،بچے گلی میں کھیل نہیں سکتے اور بزرگ نماز پڑھنے مسجد کو نہیں جا سکتے۔