پختونخوا میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہوئی، اب ان کی توجہ بلوچستان کی طرف ہوگئی ہے یہ حملہ خصوصی طور پر اقتصادی راہداری کے خلاف ہے،چیف آف آرمی اسٹاف کا کوئٹہ میں اپنے زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس میں اظہار خیال
کوئٹہ( یواین پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔کوئٹہ میں آرمی چیف کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری، چیف سیکریٹری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اجلاس کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن اور بلوچستان میں خصوصی کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال سنبھالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہوئی، جس کے بعد اب ان کی توجہ بلوچستان کی طرف ہوگئی ہے اور یہ حملہ خصوصی طور پر اقتصادی راہداری کے خلاف ہے۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آج کا حملہ بلوچستان کی بہتر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ہے ، انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی میں ملوث کسی بھی شخص کو نشانہ بنائیں گے،آج کا حملہ بلوچستان کی بہتر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے انٹیلی جنس اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ واقعے سے جڑے کسی بھی فرد کو ٹارگٹ کرنے کیلئے ملک میں جہاں بھی جانا پڑے جائیں، بلوچستان کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے بلوچستان ہائی کورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ججز سے کوئٹہ دھماکے وکلا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے سول ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے خودکش حملے میں 63 سے زائد افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔صبح سویرے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تو اس دوران ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔دھماکے کے وقت سول ہسپتال میں وکلا اور میڈیا نمائندوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔