اسلام آباد(یو این پی)وزیراعظم نواز شریف نے یواین پی سے کہا ہے کہ دہشتگرد جمہوریت کے ستونوں پر حملے کر رہے ہیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کا غیر متزلزل عزم رکھتی ہے ، انسانیت کے دشمن جان لیں دہشتگردی کے خاتمے تک ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا ۔وزیراعظم نواز شریف سے حاجی غلام احمد بلور نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں قومی اہمیت کے معاملات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ، متحرک معیشت اور سیاسی استحکام کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد جمہوریت کے ستونوں پر حملے کر رہے ہیں، وہ ہماری ریاست اورمعاشرے پر اپنے نظریات مسلط کرنا چاہتے ہیں، لیکن دہشتگرد جان لیں ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر دہشتگردی کے خاتمے تک عملدرآمد جاری رہے گا ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں المناک سانحہ کے موقع پر پوری قوم متحد ہے اور وہ دہشتگردی کے خاتمے کا غیر متزلزل عزم رکھتی ہے ۔